پاکستان کے بریلوی علماءاور اہل سنت مشائخ کے نام زید حامد کا کھلا خط
سیدی رسول اللہﷺ کا فرمان عالیشان ہے کہ مومن کی فراست سے بچو کہ وہ اللہ کے نور سے دیکھتا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کسی پر اپنا احسان فرماتا ہے تو اس کو مومن کی فراست بھی عطا کرتا ہے اور شرح صدر کا تحفہ بھی، پھر اللہ اس کی آنکھ بھی بن جاتا ہے کہ جس سے وہ دیکھتا ہے اور اس کے آگے پیچھے ،دائیں بائیں ،اوپر نیچے اندر اور باہر ایک ایسا نور عطا کرتا ہے کہ جو بندئہ مومن کو ہر وقت اپنے حصار میں لیکر اس کو شیطان کے وسوسوں، جہالتوں، حماقتوں اور امت رسولﷺ کو نقصان پہنچانے سے پناہ میں رکھتا ہے۔
یہ پاکستان صالحؑ کی اونٹنی ہے۔ یہ مدینہءثانی سیدی رسول اللہﷺ کی براہ راست نگرانی میں قائم کیا گیا اور آج بھی اس پر سایہءخدائے ذوالجلال کے ساتھ سایہءسیدی رسول اللہﷺ بھی قائم ہے۔ آج نہ نماز قائم آئے گی نہ روزہ، نہ حج نہ زکوٰة، اگر آپ کے کسی عمل سے سیدی رسول اللہﷺ کی اس امانت کو نقصان پہنچا۔ اس سے بڑی گستاخیءرسولﷺ کوئی نہیں ہوسکتی کہ آج کوئی شخص جہالت میں، حماقت میں، ناسمجھی میں، یا جذبات میں آکر امت مسلمہ کی اس آخری چٹان پاک سرزمین کو نقصان پہنچا بیٹھے اور پاک فوج کے خلاف آواز بلند کرے یا ہتھیار اٹھائے۔
آج پورا پاکستان حالت جنگ میں ہے۔ خوارج اور مشرکوں کے ہاتھوں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی مسلمان شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔ چند روز پہلے مشرکوں کی طرف سے بھیجا گیا ”را“ کا ایک حاضر سروس افسر گرفتار کیا گیا کہ جس سے مشرکوں اور خوارج کی صفوں میں سراسمیگی پھیل گئی اور پاکستان کے مسلمانوں کو پہلی مرتبہ اندازہ ہوا کہ دشمن کس حد تک ہماری صفوں میں سرایت کرچکا ہے۔ حواس باختہ دشمن نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اتوار کی شب لاہور میں چار سو سے زائد پاکستانیوں کو خاک و خون میں نہلا دیا کہ جس میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔ خوارج کی اس کارروائی کے بعد پاک فوج نے اب باقاعدہ طور پر پورے پنجاب میں بھی جنگی کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور ہر شہر میں آئی ایس آئی اور فوج مل کر مشرکوں اور خوارج کے حمایتیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کرچکے ہیں۔ یہ ہماری تاریخ کا ایک نازک ترین دور ہے کہ جس میں پوری قوم کو پاک فوج کے ساتھ متحد ہو کر مشرکوں اور خوارج کے خلاف کھڑے ہونا ہے۔
جس کسی کو بھی اللہ تعالیٰ نے حکمت اور فراست عطا فرمائی ہے وہ یہ بات واضح دیکھ سکتا ہے کہ ان حالات میں اسلام آباد میں بریلوی علماءکی طرف سے شروع کی جانیوالی احتجاجی تحریک اور جلاﺅ گھیراﺅ صرف اور صرف پاکستان کے دشمنوں اور مشرکوں کے مفاد میں ہے۔ پاک فوج اس وقت اسلام آباد کے دفاع کیلئے طلب کرلی گئی ہے اور خطرہ یہ ہے کہ احتجاجی جلوس میں شامل خوارج اور مشرکوں کے ساتھی پاک فوج کے خلاف اشتعال انگیزی کرکے اہل سنت اور بریلوی علماءسے فوج کا تصادم کروانے کی کوشش کریں گے۔ یہ بات ہم بہت پہلے بتاچکے تھے کہ خوارج اور مشرک ،بریلوی عوام اور علماءکے غم و غصے کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مذموم مقاصد کیلئے پاک سرزمین اور پاک فوج کے خلاف کارروائیاں کرسکتے ہیں۔ اسلام آباد میں موجود جلوس کے جو بھی مطالبات ہوں، ان کو پیش کرنے کا نہ یہ موقع ہے اور نہ ہی یہ طریقہ۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ مظاہرہ کرنے والے اس مصرعے کے مصداق ہوں کہ ”یہ ناداں گر گئے سجدے میں جب وقت قیام آیا“۔ بے شک سجدہ بھی نماز ہی کا ایک جزو ہے لیکن اگر قیام کے وقت سجدہ کردیا جائے تو نہ صرف یہ کہ پوری نماز فاسد ہوجاتی ہے بلکہ نماز پڑھنے والے کی جہالت بھی واضح ہوتی ہے۔
پاک فوج، خوارج اور مشرکوں کے خلاف آج بھرپور کارروائی کررہی ہے۔ خوارج کی یہ پوری کوشش ہے کہ اہل سنت اور بریلوی علماءمیں سرایت کرکے اہل سنت عوام کو بھی پاک فوج کے خلاف کھڑا کیا جاسکے۔ اگر دشمن اپنی اس سازش میں کامیاب ہوگیا تو نہ صرف پاک سرزمین کو اس سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا بلکہ اہل سنت علماءاور عوام بھی اللہ اور رسولﷺ سے خیانت کے مرتکب ہونگے۔
ملک حالت جنگ میں ہے۔ اس موقع پر فوج کی توجہ بٹانا اور اس کے خلاف جذبات کو بھڑکانا اللہ اوراسکے رسولﷺ سے غداری بھی ہے اور ملک و ملت کے خلاف جنگ بھی۔ اگر کسی کو حکومت وقت پر غصہ ہے تو جا کر رائے ونڈ میں ان کے محلات پر نکالے۔ اسلام آباد اور پاک سرزمین کے اثاثوں اور وسائل کو جلانا اور بحیثیت مجموعی عوام الناس کو تکلیف اور نقصان پہنچانا صرف انارکی اور فساد پھیلانے کے مترادف ہے۔ ایسا کرنے والے نہ تو عشق رسولﷺ کی کوئی مثال قائم کررہے ہیں اور نہ ہی اس سیدی رسولﷺ کی اس امانت کی حفاظت کررہے ہیں۔ جذباتی اوررومانوی نعرے لگوا کر اگر کوئی شخص معصوم عوام کو فوج کے خلاف بھڑکا رہا ہے تو وہ یا تو نادان دوست ہے یا پھر دانا دشمن۔
ان حالات میں اسلام آباد میں جلاﺅ گھیراﺅ کرکے اور پاک فوج کے لیے مشکلات کھڑی کرکے اپنے آپ کو بدنصیب نہ کریں۔ ہر کام کا ایک وقت متعین ہوتا ہے۔ ایک مرتبہ پاکستان کو ہم خوارج اور مشرکوں سے محفوظ کرلیں پھر ان شاءاللہ اس ریاست کو خلافت راشدہ کی بنیاد پر تعمیر بھی کرلیں گے۔ اسوقت ہم میدان جنگ میں ہیں اور ہمیں ہر حال میں پاک فوج اور اس کے سپہ سالار کا ساتھ دینا ہے۔
اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو
اللہ خوارج ، مشرکوں اور ہر اس شخص کو تباہ و برباد کرے کہ جو دانستہ اس پاک سرزمین کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
لبیک یا رسول اللہﷺ
لبیک غزوئہ ہندﷺ
https://www.facebook.com/syedzaidzamanhamid/posts/968679316520213